شعر و سخن مان سہرا ۔۔۔ آن لائن ایڈیشن

Tuesday, March 07, 2006

طالب انصاری

قریۂ سنگ میں آئینہ گری کرتا ہوں

جو مرے دل میں سما جائے وہی کرتا ہوں

ایک عادت سی ہے مشکل میں پڑے رہنے کی

راہِ ہموار میں دیوار کھڑی کرتا ہوں

کتنے لمحے مرے ہاتھوں سے نکل جاتے ہیں

میں جو اک لمحہ پکڑنے کی سعی کرتا ہوں

اہلِ دنیا سے محبت تو نہیں ہو سکتی

یہ بھی کیا کم ہے کہ نفرت میں کمی کرتا ہوں

جو ضروری ہو وہ رہ جاتا ہے کرنے والا

ویسے کرنے کو تو میں کام کئی کرتا ہوں

درسِ اثبات اسی بات سے سیکھا میں نے

ماسوا تیرے ہر اک شے کی نفی کرتا ہوں

جانتا ہوں کہ یہ ممکن ہی نہیں ہے پھر بھی

جانے کیوں تجھ کو بھلانے کی سعی کرتا ہوں

لوحِ دل پر کبھی مٹی نہیں جمنے دیتا

آبِ گریہ سے اسے دھو کے نئی کرتا ہوں

دربدر پھرتا ہوں تعبیر کی خاطر طالب

خوابِ مظلوم کی یوں داد رسی کرتا ہوں