شعر و سخن مان سہرا ۔۔۔ آن لائن ایڈیشن

Tuesday, March 07, 2006

نذیر اے قمر

ہو جائے نہ وہ مجھ سے خفا سوچ رہا ہوں
ہر لمحہ جو میں اُس سے جدا سوچ رہا ہوں
للکارا ہے اک بت نے مجھے آج زمیں پر
خاموش ہے کیوں میرا خدا سوچ رہا ہوں
ممکن ہے رضا میری کسی روز وہ پوچھے
ہر لمحہ جو میں اُس کی رضا سوچ رہا ہوں
یا رب مجھے تعمیل کی توفیق نہ دینا
میں ترکِ محبت کی خطا سوچ رہا ہوں
ممکن ہے کسی روز اتر آئے زمیں پر
تنہائی سے گھبرا کے خدا، سوچ رہا ہوں
کیوں آج قمر رحمتِ یزداں کو بھلا کر
میں اپنے گناہوں کی سزا سوچ رہا ہوں